سندھ اور کراچی کی تباہی کی ذمہ دار ایم کیو ایم اور پی پی ہیں، سراج الحق
اسٹاف رپورٹ
لاہور : جماعت اسلامی کے امير سراج الحق نے سندھ اور کراچی کے حالات کا ذمہ دار ايم کيو ايم اور پيپلز پارٹی کو قرار ديديا، کہتے ہيں متحدہ نے کراچی پر قبضے کے سوا کچھ نہيں کيا، ان کیخلاف الزامات کی شفاف تحقيقات ہونی چاہئیں۔
جماعت اسلامی کے امير سراج الحق نے منصورہ ميں پريس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بی بی سی کی رپورٹ میں کوئی نيا انکشاف نہيں کيا گيا، ایم کیو ایم نے کراچی میں سوائے قبضے کے کچھ نہیں کیا، کراچی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 50 سال کی پلاننگ کرنے کی ضرورت ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی پر قیامت گزر گئی، شہر کا کوئی والی وارث نظر نہيں آيا، وزير اعظم کو کابينہ کے ساتھ کراچی کا دورہ کرنا چاہئے۔
جماعت اسلامی کے امير نے سياسی بنيادوں پر ہونی والی بھرتيوں کی تحقيقات کیلئے کميشن قائم کرنے اور مقررہ وقت پر سندھ ميں شفاف بلدياتی انتخابات کروانے کا مطالبہ کيا۔ سماء