پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے 52 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرلی
کراچی : پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی کا تسلسل برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 636 پوائنٹس اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 52387 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 1 کھرب 10 ارب 2 کروڑ 61 لاکھ 6 ہزار 264 روپے کا اضافہ ہوگیا جبکہ تجارتی حجم میں بھی 4 ارب 35 کروڑ 13 لاکھ 27 ہزار 838 روپے کی تیزی رہی، اسی طرح خرید و فروخت میں 60 لاکھ 99 ہزار 210 حصص کا اضافہ دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 100 انڈیکس 51800، 51900، 52000، 52100، 52200 اور 52300 پوائنٹس کی 6 بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 636 پوائنٹس کے اضافے سے 52387 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ انڈیکس گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران جمعہ، جمعرات، بدھ، منگل اور پیر کو بھی بالترتیب 324 پوائنٹس، 322 پوائنٹس، 30.39 پوائنٹس، 137 پوائنٹس اور 1084 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔
مزیدبرآں مارکیٹ میں اتار چڑھاﺅ کے بعد کے ایس ای 30 انڈیکس 401 پوائنٹس کے اضافے سے 27930 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 384 پوائنٹس کی تیزی رہی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1285 پوائنٹس کا اضافہ رونماء ہوا۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 405 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 213 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 177 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 15 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا، سب سے زیادہ تیزی پاک ٹوبیکو ایکس ڈی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 41.40 روپے کے اضافے سے 1541.40 روپے پر بند ہوئی۔ سب سے زیادہ مندی یونی لیور فوڈز اور ویتھ پاک لمیٹڈ ایکس ڈی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت 250 روپے کی مندی سے 6150 روپے اور ویتھ پاک لمیٹڈ ایکس ڈی کے حصص کی قیمت بھی 38.20 روپے کی کمی سے 2334.60 روپے رہ گئی۔ اے پی پی