مصظفیٰ کمال، رضا ہارون، ڈاکٹر صغیر سمیت متعدد گرفتار
کراچی : پی ایس پی اور پولیس کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے، کارکنوں کی وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی، مصطفیٰ کمال، رضا ہارون، ڈاکٹر صغیر احمد اور دیگر رہنماؤں سمیت کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا، پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء کی پولیس افسر سے تکرار بھی ہوئی، شیلنگ سے خواتین اور بچے بھی بری طرح متاثر ہوئے۔ پولیس کی بھاری نفری پاکستان ہاؤس پہنچ گئی، پی ایس پی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ وہاں بھی شروع ہوگیا۔ پی ایس پی رہنماء انیس قائم خانی کی زیر صدارت آئندہ کے لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اجلاس شروع ہوگیا جس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔
شاہراہ فیصل سے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش پر پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں پر پولیس نے شیلنگ کردی، سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال خود کارکنوں کی قیادت کررہے تھے، مشتعل کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، پولیس نے واٹر کینن کا بھی استعمال کیا، اس دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ویڈیو دیکھیں : مصطفیٰ کمال کی پولیس افسر سے تکرار، ویڈیو دیکھیں
پولیس، صوبائی حکومت کے نمائئدوں سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کارکنوں اور رہنماؤں نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر مصطفیٰ کمال، رضا ہارون، ڈاکٹر صغیر اور دیگر رہنماؤں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
مزید جانیے : مصطفیٰ کمال گرفتاری پر پھٹ پڑے
ایس ایس پی بلدیہ آصف رزاق کے مطابق مصطفیٰ کمال سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کو کلا کوٹ تھانے منتقل کردیا گیا۔
صوبائی وزیر ناصر شاہ نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون میں ہاتھ میں لیا جائے گا تو پولیس حرکت میں آئے گی۔
مصطفیٰ کمال گرفتاری پر پھٹ پڑے، کہتے ہیں حکمرانوں نے میرا کام آسان کردیا، کراچی والے باہر نکلیں، اب احتجاج شہر کی ایک ایک گلی میں جائے گا۔
وہ بولے کہ میرے بچوں، عورتوں اور نہتے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی، ہمارا قصور صرف اتنا ہے کہ ہم پانی مانگنے نکلے ہیں۔
ویڈیو دیکھیں : ڈاکٹر صغیر کی دوران حراست سماء سے گفتگو
ڈاکٹر صغیر احمد نے اپنی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے سماء کو بتایا کہ عوام حقوق کے مطالبے پر ہم پر شیلنگ کی گئی، مذاکرات میں لولی پاپ دینے کی کوشش کی۔
ویڈیو دیکھیں : مصطفیٰ کمال کی گرفتاری کی ویڈیو
انیس احمد ایڈووکیٹ نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کل کریں گے۔
پولیس نے پاک سرزمین پارٹی کے مرکز پاکستان ہاؤس کا محاصرہ کرلیا، کرکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ وہاں بھی شروع ہوگیا جبکہ دوسری جانب پی ایس پی کا اہم اجلاس انیس قائم خانی کی زیر صدارت شروع ہوگیا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، رہنماؤں کی ہنگامی پریس کانفرنس کا بھی امکان ہے۔ سماء