کپتان بھانجوں پر تشدد کیخلاف شہباز شریف پر برہم
ویب ایڈیٹر:
لاہور:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بھانجوں پرپولیس تشدد کا کیس منطقی انجام تک پہنچاؤں گا، پنجاب پولیس گلو پولیس ہے۔
بھانجوں پرپولیس تشدد کیخلاف برہم کپتان کہتے ہیں پنجاب حکومت پولیس کوسیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کپتان نے کہ کہ پنجاب پولیس کو بھیڑیا بنانے کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہہ ڈالا کہ واقعے پر شہباز شریف کا میری بہن کو فون شرمناک ہے۔
عمران خان نے کہا کہ عبداللہ اور عظیم پر میرے بھانجے ہونے کی وجہ سے تشدد کیاگیا لیکن دونوں بچے میرے سامنے پل کر جوان ہوئے ہیں، مجھے ان کی تربیت پر فخرہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل عمران خان کے بھانجوں کا لاہور میں ٹریفک وارڈن سے جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس نے مداخلت کے بعد دونوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد کپتان کے بھانجےضمانت پر رہا کر دیے گئے تھے۔ بعد ازاں ان کی والدہ ڈاکٹر عظمیٰ نے اپنے بیٹوں پر ٹریفک وارڈن کے مبینہ تشدد کیخلاف تھانہ ریس کورس میں اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کرائی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی ڈاکٹرعظمیٰ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں پورا انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سماء