پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی برقرار، نیا ریکارڈ قائم
کراچی : پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا تسلسل برقرار رہا، 100 انڈیکس 324 پوائنٹس اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 51750 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بینکنگ، پیٹرولیم، پاور، سیمنٹ اور ٹیلی کام سیکٹر کے حصص کی خرید و فروخت میں زیادہ دلچسپی رہی جس کی وجہ سے پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 100 انڈیکس 51500، 51600 اور 51700 پوائنٹس کی تین بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتا ہوا مزید 324 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 51750 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پی ایس ایکس میں جمعرات، بدھ، منگل اور پیر کو بھی بالترتیب 322.48 پوائنٹس، 30.39 پوائنٹس، 137.23 پوائنٹس اور 1084.78 پوائنٹس کی تیزی رونماء ہوئی تھی۔
مارکیٹ میں اتار چڑھاﺅ کے بعد کے ایس ای 30 انڈیکس 193.85 پوائنٹس کے اضافے سے 27529 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 161 پوائنٹس کی تیزی رہی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 642 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 127 پوائنٹس کی تیزی سے 22119 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کی وجہ سے آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 204 پوائنٹس کے اضافے سے 17734 پوائنٹس پر بند ہوا، پی ایس ایکس- کے ایم آئی انڈیکس 129 پوائنٹس کی تیزی سے 24611 پوائنٹس پر بند ہوا۔
رپورٹس کے مطابق مارکیٹ سرمایہ میں43 ارب 88 کروڑ 66 لاکھ 29 ہزار 337 روپے کا اضافہ ہوگیا جبکہ تجارتی حجم میں بھی 87 کروڑ 6 لاکھ 27 ہزار 297 روپے کی تیزی رہی تاہم خرید و فروخت میں 5 کروڑ 8 لاکھ 4 ہزار 80 حصص کی کمی دیکھی گئی۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 389 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 197 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 169 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 23 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 200 روپے کے اضافے سے 6400 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح شپہائر ٹیکسٹائل ایکس ڈی کے حصص کی سودے بھی 66.50 روپے کی تیزی سے 1396.50 روپے پر بند ہوئے۔
سب سے زیادہ مندی ہینوپاک موٹر اور سانوفیل ایونٹس ایکس ڈی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی، ہینوپاک موٹر کے حصص کی قیمت 83.75 روپے کی مندی سے 1591.25 روپے اور سانوفیل ایونٹس ایکس ڈی کے حصص کی قیمت بھی 50.01 روپے کی کمی سے 2100 روپے رہ گئی۔ سماء / اے پی پی