چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاجسٹس وجیہہ الدین کو خط
ویب ایڈیٹر :
اسلام آباد : چیئرمین پاکستان تحریک اںصاف عمران خان نے جسٹس وجیہہ الدین کو پھر خط لکھ ڈالا، خط کے مطابق تحلیل شدہ ٹریبونل کی ایما پر مزید فیصلے نہ دینے کی باضابطہ درخواست کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جسٹس وجیہ کے نام خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے انٹرا پارٹی انتخابات کروائے، بطور پارٹی چیئرمین الیکشن ٹریبونل مقرر کیا اور آپ کو اس کی سربراہی دی۔ ٹریبونل انتخابی شکایات کی تحقیقات کے یک نکاتی ایجنڈے کیلئے تشکیل دیا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نے الیکشن پٹیشن پر ٹریبونل کی رپورٹ اور دوبارہ انتخابات کی تجویز قبول کی اور سفارشات آنے کے بعد بطور چیئرمین ٹریبونل کو تحلیل کیا۔ عمران خان نے خط میں مزید کہا کہ ٹریبونل نے تحلیل کے بعد بھی احکامات دینے کا سلسلہ جاری رکھا جو اس کے دائرہ اختیار سے باہر تھا۔ آپ سے باضابطہ درخواست ہے کہ تحلیل شدہ ٹریبونل کی ایما پر مزید فیصلے نہ دیئے جائیں۔
کپتان نے کہا کہ بطور بزرگ ان کی نظر میں جسٹس وجیہ الدین کا بے حد احترام ہے تاہم کسی کو بھی اس کی حدود اور مینڈیٹ سے تجاوز کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ امر یقینی ہے کہ پارٹی کیلئے جدوجہد کو ہر قسم کے نقصان سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھاتا رہوں گا۔ سماء