نواز، زرداری، گیلانی سمیت کئی بڑے نام کرپشن میں ملوث، نیب کی رپورٹ
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : نیب نے اختیارات کے ناجائز استعمال، زمینوں پر قبضے اور مالیاتی کرپشن کے 150 میگا اسکینڈلز کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی ہے، موجودہ اور 3 سابق وزرائے اعظم، سابق صدر سمیت اہم شخصیات کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
میگا کرپشن کے 150 اسکینڈلز سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی نیب رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیخلاف 12 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے رائے ونڈ سے جاتی عمرہ تک سڑک کی تعمیر کیلئے اختیارات کے ناجائز استعمال اور ایف آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات جاری ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف بھی آمدن سے زیادہ اثاثہ جات ہونے کی انکوائری جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کیخلاف ناجائز اثاثوں، 3 سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف اور چوہدری شجاعت حسین، سابق وزرائے اعلیٰ پرویز الٰہی، نواب اسلم رئیسانی کیخلاف بھی اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مالی بے ضابطگیوں کے 22، زمینوں پر قبضوں کے 29 جبکہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے 20 کیسز کی انکوائری جاری ہے، 41 تحقیقات کے مراحل میں ہیں جبکہ 38 کیسز میں ریفرنسز دائر کئے جاچکے ہیں۔ سماء