ایم کیو ایم، پی ٹی آئی نے ایک دوسرے کیخلاف قرارداد مذمت جمع کرادی
ویب ایڈیٹر:
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد مذمت جمع کرادی گئی، قراراداد میں الطاف حسین کے رینجرز اور فوج کےخلاف بیانات کی مذمت شامل ہیں۔
مذمتی قرارداد پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی کی قیادت میں اراکین سندھ اسمبلی نے جمع کرائی، عارف علوی کے ہمراہ ثمر علی خان، خرم شیر زمان اور حفیظ الدین بھی موجود تھے۔
ایم کیو ایم کے رہنماء الطاف حسین کے خلاف ملک بھر میں اب تک تقریبا 73 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جس میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قرارداد مذمت جمع کرانے کے بعد ایم کیو ایم نے بھی پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے۔
قرارداد ایم کیو ایم کے محمد حسین، خالد احمد اور عامر معین پیر زادہ نے سندھ اسمبلی سیکرٹیریٹ میں جمع کرائی۔
قرارداد کے مطابق عمران خان نے پاک فوج اور جرنیلوں سے متعلق توہین آمیز بیانات دیئے، عمران خان کے ریمارکس پر مبنی ویڈیو ٹی وی چینلز پر موجود ہیں، انکے الفاظ ریاستی اداروں اور جرنیلوں کی توہین ہے۔
قرارداد میں یہ بھی شامل کیا گیا کہ عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ قائم کیا جائے اور انکی آرٹیکل 62، 63 کی خلاف ورزی پر قومی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کی جائے۔ سماء