اطلاعات تک رسائی کے بل کو مزید بہتربنا کر اس کانفاذ کرینگے
اسلام آباد : وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ صحافی برادری کے حقوق، ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، اطلاعات تک رسائی کے بل کو مزید بہتربنا کر اس کانفاذ کریں گے، ان کہان تھا کہ میڈیا ورکرز کیلئے وےج بورڈ ایوارڈ کی تشکیل کے لئے مشاورت جاری ہے۔ صحافت کے عالمی دن کے موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ حکومت میڈیا ورکرز کے لئے محفوظ اور سازگار ماحول کی تخلیق کے ذریعے اظہار رائے کی آزادی کومستحکم بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر مملکت نے کہاکہ صحافت کے عالمی دن کو ہم آزادی صحافت کے عزم کے ساتھ منا رہے ہیں، ہمارا یہ قومی یقین ہے کہ آزاد اور متنوع میڈیا نہ صرف معاشرے میں امن اور انصاف کے لئے ضروری ہے بلکہ یہ اقوام متحدہ کی جانب سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی مدد گار ہے جو کہ دنیا میں ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا بلاروک ٹوک اظہاررائے کی آزادی سے لطف اندوز ہو رہاہے اور حکومت ذرائع ابلاغ کو محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے، آزادانہ اور شفاف انداز میں ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر اپنا کردار کے لئے حکومت میڈیا کے از خود ریگولیٹری میکنزم کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور حکومت نے ریگولیٹری مداخلت کو کم سے کم کرنے کے لئے نمایاں کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت صحافیوں کے تحفط اور فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی پر غور کررہی ہے، حکومت جلد اطلاعات تک رسائی کے بل کو مزید بہتربنا کر اس کانفاذ کرے گی تاکہ گورننس کو بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکے، حکومت میڈیا ورکرز کے لئے وےج بورڈ ایوارڈ کی تشکیل کے لئے میڈیا کے منتخب نمائندوں کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ گوکہ میڈیا حکومت کے لئے نگران کے کردار کا حامل ہے، حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ ملک کے تمام اداروں کو آزادی اور حقوق سے لطف اندوز ہونے کے لئے برابر مواقع مہیا کرے تاہم اداروں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اس ضمن میں میڈیااور حکومت کا قومی کردار سازی میں لازمی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ حکومت اور میڈیا کے درمیان خوشگوار تعلقات کی ذمہ دار ہوں ۔حکومت کی طرف سے صحافی برادری کو یقین دلاتی ہوں کہ ان کے حقوق اور انہیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، میڈیا ماضی کی طرح اسی سطح پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گا۔ سماء