کرپشن کے الزامات، سندھ کے کئی وزراء سے وزارتیں لینے کا فیصلہ
اسٹاف رپورٹ
کراچی : سندھ کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا، کرپشن میں ملوث وزراء سے مرحلہ وار وزارتیں واپس لی جائیں گی، بیورو کریسی میں بھی نئے افسران کی تعیناتی ہوگی۔
دبئی میں پیپلز پارٹی قیادت کی طویل بیٹھک لگی، بلدیاتی الیکشن جیتنے کے مشن کا آغاز کردیا گیا، پی پی قیادت نے سندھ کابینہ کے بدعنوان وزراء کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا، بیورو کریسی میں بھی نئے افسران تعینات کئے جائیں گے۔
سندھ کابینہ میں شامل مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث وزراء سے وزارتیں واپس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق شرجیل میمن، گیان چند، سہیل سیال اور منظور وسان سے قلمدان واپس لئے جانے کا امکان ہے۔
سندھ بیورو کریسی میں شامل افسران جن پر تحقیقاتی اداروں کی جانب سے کرپشن کے الزامات لگائے گئے ہیں، انہیں بھی فارغ کیا جائے گا اور نئے افسران تعینات کئے جائیں گے، فیصلہ پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت نے کل دبئی میں پارٹی اجلاس کے دوران کیا۔
اجلاس کی صدارت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے کی، اجلاس میں سندھ حکومت کی پالیسیوں میں بھی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ میں شامل کرپٹ وزراء سے وزارتیں مرحلہ وار واپس لی جائیں گی، پہلہ مرحل وزیراعلیٰ سندھ کی وطن واپسی کے بعد آئندہ چند دنوں میں شروع ہوگا، دوسرے مرحلے میں بڑے پیمانے پر کابینہ میں رد و بدل کیا جائے گا۔
واضح رہے کے شرجیل انعام میمن، گیان چند، سہیل سیال اور منظور وسان کے پاس اس وقت بھی ایک سے زائد وزارتیں موجود ہیں۔ سماء