پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کیلئے5ریجن شارٹ لسٹ
کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کیلئے چھٹی ٹیم بنانے پر کام شروع کردیا ہے، چھٹی ٹیم کی شمولیت کیلئے پانچ ریجن کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جس کیلئے پارٹیوں سے بولیاں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں عوام اور کمپنیز کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کو بھی شامل کرنے کیلئے کام شروع کردیا، نئی ٹیم کی شمولیت کے لیے پارٹیوں سے بولیاں بھی طلب کی گئیں ہیں۔ چھٹی ٹیم کے لئے نیلامی 31 مئی 2017 تک کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق چھٹی فرنچائز ٹیم کیلئے پانچ ریجن کی ٹیموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جس کا انتخاب ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس اور میرٹ پر کیا گیا ہے، اس میں حیدر آباد، ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا سیزن 2018 میں کھیلا جائے گا، دوسرے سیزن کے دوران ہی پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی پہلے ہی چھٹی ٹیم لانے کیلئے اعلان کرچکے تھے۔ سماء