ہر3مہینے بعد رینجرز اختیارات کو متنازع نہ بنائیں، چوہدری نثار
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ سندھ رینجرز پریڈ کے دوران سندھ حکومت پر برس پڑے اور کہا کہ کراچی میں امن کا قیام رینجرز اور انٹیلی جنس کی مرہون منت ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہر تین مہینے بعد رینجرز اختیارات کو متنازع نہ بنائیں، ہر تین مہینے بعد اختیارات کو متنازع بناکر رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، رینجرز اختیارات کو متنازع بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، رینجرز جو کرتے ہیں صرف امن لانے کے لیے کرتے ہیں۔
کراچی میں سندھ رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رینجرز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف رینجرز نے ایک نئی تاریخ رقم کی، رینجرز نے ہر مقام پر اپنی ذمہ داری بہادری سے ادا کی، ساڑھے تین سال پہلے رینجرز سندھ کو انتہائی مشکل کام دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق ڈی جی رضوان اختر اور بلال اکبر نے رینجرز پالیسی کا تعین کیا، کارکردگی کا کریڈٹ رینجرز کے ہر ایک جوان کو جاتا ہے، رینجرز سندھ نے کراچی میں ساڑھے تین ہزار آپریشن کیے، ساڑھے سات ہزار ملزم پولیس کے حوالے کیے، رینجرز جوانوں کی عزت صرف کراچی تک محدود نہیں، تاہم بدقسمتی سے ہماری انٹیلی جنس کی کارکردگی سامنے نہیں آتی، خاموش سپاہیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن میں ہماری انٹیلی جنس ایجنسی نے تاریخی کردار ادا کیا، آپ کا مقابلہ چھوٹے موٹے بھتہ خوروں سے نہیں غیرملکی طاقتوں سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ہمارے دوست نما دشمن بھی مقابلے پر ہیں، کراچی میں امن ہوگا تو پورا پاکستان فائدہ اٹھائے گا، کراچی میں امن ہوگا تو دشمنوں کے عزائم خاک میں ملیں گے، کراچی ایک شخص کے ہاتھوں یر غمال تھا، وہ کہتا تھا آگ لگادو، شہر میں آگ لگادی جاتی، وہ کہتا تھا شہر بند کردو پورا شہر بند ہوجاتا، آج آپ نے ان چوروں بھتہ خوروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا، اس کام کو منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔
رینجرز اختیارات سے متعلق اپنے خطاب میں ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے سندھ حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ہر تین مہینے بعد رینجرز اختیارات کو متنازع نہ بنائیں، ہر تین مہینے بعد اختیارات کو متنازع بناکر رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، رینجرز اختیارات کو متنازع بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، رینجرز جو کرتے ہیں صرف امن لانے کے لیے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کا ایک ایک لمحہ پاکستان پر نقش یے، پورا پاکستان رینجرز کی کارکردگی کی عزت کرتا ہے، کراچی سے بھتہ خوری میں بھی انٹیلی جنس کا کردار ادا کیا، چھوٹے بھتہ خوروں کے علاقہ غیر ملکی دہشت گردوں سے بھی مقابلہ ہے، کراچی میں امن ہو تو دشمن کے عظائم خاک میں ملیں گے، رینجرز عوام کی مدد کریں۔ سماء