جنید خان منظر عام پر آگئے، عمر اکمل کے بیان کی تردید
کراچی : پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان نے ٹیم چھوڑ کر بھاگنے کی تردید کردی، ان کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کے بیان پر افسوس ہوا، وہ جانتے ہیں میری طبیعت خراب ہے، اسی وجہ سے آج کے میچ میں حصہ نہیں لیا، ڈاکٹر کے مشورے پر ہوٹل کے کمرے میں آرام کررہا ہوں۔
پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان نے اپنی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے عمر کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹیم چھوڑ کر نہیں بھاگا، مجھے فوڈ پوائزنگ ہوئی ہے ٹیم ڈاکٹر اسد اور مینجمنٹ بھی میری طبیعت کی خرابی سے آگاہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹر کے مشورے پر آج کے میچ میں حصہ نہیں لیا، فوڈ پوائزن کے بعد صبح سے بخار میں مبتلا ہوں، ڈاکٹر اسد نے ہوٹل میں آرام کی تجویز دی تھی۔
جنید خان بولے کہ عمر اکمل بھی میری طبیعت خراب ہونے سے آگاہ تھے تاہم ٹی وی پر ان کے بیان پر مجھے بھی دھچکا لگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم کے کپتان عمر اکمل نے کہا تھا کہ جنید خان کل تک ٹیم میٹنگ میں موجود تھے، ان کی اچانک گمشدگی سے ٹیم انتظامیہ اور میں سخت پریشان ہوں۔
پاک کپ میں جنید خان پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں، آج ان کی ٹیم کا مقابلہ سندھ سے ہورہا ہے۔ سماء