لیجنڈ بالی ووڈ اداکارچل بسے
ممبئی: معروف بھارتی اداکار ونود کھنہ چل بسے۔
ونود کھنہ کافی عرصے سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ انہیں ہڈیوں کا کینسر تھا۔ ونود کھنہ کی عمر 70 سال تھی۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پرونود کھنہ کی تازہ تصاویر جاری ہوئیں جس میں وہ انتہائی لاغر دکھائی دے رہے تھے۔
چھ اکتوبر 1946 میں پشاور میں آنکھ کھولنے والے ونود کھنہ نے 1968 میں ’’ من کا میت ‘‘ سے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ونود فلموں کی نمایاں فلموں میں میرے اپنے، میرا گاؤں میرا دیش، امتحان ، انکار، امر اکبر انتھونی۔ قربانی، جرم اور لہو کے دو رنگ شامل ہیں۔
انیس سو ستراور اسی کی دہائی میں کامیاب ترین اداکار مانے جانے والے ونود کھنہ کو فلم ’’ہاتھ کی صفائی‘‘ کے لیے بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ اور لائیو ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ 2007 میں زی سنے ایوارڈ کے تحت بھی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کیا۔ کیرئیر کے آغاز میں منفی کردار بھی ادا کیے۔
ونود کھنہ نے اہلیہ کویتا کھنہ،دو بیٹوں راہول اور اکشے کھنہ (بالی ووڈ اداکار) اور دو بیٹیوں ساکشی اور شردھا کھنہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ کویتا سے پہلے ونود کھنہ نے گیتانجلی نامی خاتون سے شادی کی تھی جو طلاق پر اختتام پزیر ہوئی۔
اپنے کیریئر کے دوران 100 سے زائد فلموں میں کام کرنے والے ونود کھنہ سیاست میں کافی سرگرم تھے۔ونود کھنہ بھارتی پنجاب گورداس پور سے بی جے پی کی جانب سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ سماء