پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر سوشل میڈیا کا اثر، سائبر کرائم کی تحقیقات
اسلام آباد : پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر سوشل میڈیا کے ذریعے اثر انداز ہونے کا انکشاف، فیس بک کے 33 گروپوں کے نام ایف آئی اے کو ارسال کردیئے گئے، سائبر کرائم ونگ نے تحقیقات شروع کردیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مصنوعی تیزی و مندی کیلئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بھی متحرک ہوگئیں، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایسے 33 گروپوں کا سراغ لگایا ہے جو فیس بک کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ کے کاروبار پر اثر انداز ہورہے ہیں۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کیس رجسٹر کرکے تحقیقات شروع کر دیں، ایس ای سی پی کے سرویلنس ونگ کے سربراہ یاسر منظور کے مطابق حصص کی خریداری اور جعلی آرڈر جاری کرنیوالوں کیخلاف کارروائی جاری ہے، جنوری سے اب تک ان سائیڈ ٹریڈنگ میں ملوث افراد کیخلاف 7 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ایس ای سی پی نے 3 بروکرج ہاؤسز کیخلاف فراڈ اور غیر قانونی تجارت کی تحقیقات شروع کردی ہیں، ٹھوس شواہد ملنے پر ان بروکرج ہاؤسز کیخلاف عدالت میں مقدمات دائر کئے جائیں گے۔
اسٹاک مارکیٹ میں ہیر پھیر میں ملوث افراد کو 3 سال قید اور 20 کروڑ روپے جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ سماء