گلوکارہ اقبال بانو کو بچھڑے 8 برس بیت گئے
کراچی : معروف غزل گلوکارہ اقبال بانو کی آج آٹھویں برسی منائی جا رہی ہے ۔
اقبال بانو کو اپنی نیم کلاسیکی اردو غزلوں اور ٹھمری کی بدولت زیادہ مقبولیت ملی تاہم انہوں نے 1950 کی دہائی میں متعدد فلموں کے لئے بھی گیت گائے۔
اقبال بانو کو اس وقت ایک ممتاز گلوکارہ کی حیثیت سے شہرت ملی جب انہوں نے جنرل ضیاء الحق کے فوجی دور میں فیض احمد فیض کی شاعری پر پابندی کے باوجود لاہور میں پچاس ہزار افراد کے جم غفیر کے سامنے ان کی مقبول نظم " ہم دیکھیں گے" گائی۔ان کی جوشیلی غزلوں کو انحراف اورمزاحمت کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔
انہوں نے ناصر کاظمی کی غزلیں بھی انتہائی خوبصورتی سے گائیں، انہوں نے فارسی شاعری میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا جسے ایران اور افغانستان میں بھرپور پذیرائی ملی۔فلم گمنام قاتل ، انتقام ، سرفروش ، عشق لیلیٰ اور ناگن جیسی مشہور فلموں کے لئے گائے گئے ان کے گانے پچاس کی دہائی میں پاکستانی موسیقی کی سنہری یادوں میں نقش ہیں۔
سن 1974 میں اقبال بانو کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔وہ مختصر علالت کے بعد2009 میں آج ہی کے دن 74 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئی تھیں۔ سماء