متحدہ کے کارکنان الطاف حسین پر مر مٹنے کو تیار ہیں، حیدر عباس رضوی
اسٹاف رپورٹ
کراچی : ایم کیو ایم کے رہنماء حیدر عباس رضوی نے کہتے ہیں کہ الطاف حسین نے گردنیں کاٹنے والے دہشت گردوں کیخلاف آواز اٹھائی، برطانوی حکومت ان کی آواز دبانے کی کوشش کررہی ہے، کارکنان الطاف حسین پر مرمٹنے کو تیار ہیں، عوام نے ثابت کردیا ملک میں الطاف حسین جیسا دوسرا کوئی لیڈر نہیں، ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے، وزیراعظم یہ سلسلہ رکوائیں۔
کراچی میں تبت سینٹر پر الطاف حسین سے اظہار یکجہتی ریلی اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کارکنان الطاف حسین پر مرمٹنے کو تیار ہیں، ہم گمنام تھے، الطاف حسین نے ہمیں شناخت دی، سرمایہ داروں، وڈیروں کیخلاف تحریک کا آغاز کیا، الطاف حسین نے گردنیں کاٹنے والے دہشت گردوں کیخلاف آواز اٹھائی، ان کے علاوہ کسی لیڈر میں جرات نہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ عوام نے ثابت کردیا ملک میں الطاف حسین جیسا دوسرا کوئی لیڈر نہیں، ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے، بتایا جائے متحدہ کے کارکن کہاں ہیں، زیر حراست کارکنوں کے قتل کا سلسلہ بند ہونا چاہئے، وزیراعظم ایم کیو ایم پر ہونیوالے مظالم رکوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج پر بے بنیاد الزام لگانے کی مذمت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، برطانوی حکومت الطاف حسین کی آواز دبانا چاہتی ہے۔
رؤف صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ الطاف حسین کو تنگ کرنے سے گریز کیا جائے، دیکھ لیں عوام الطاف حسین کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ سماء