پاک فضائیہ کی چین کے ساتھ مشترکہ مشقیں شاہین تھری اختتام پذیر
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : پاک چین مشترکہ عالمی فضائی مشقیں شاہین تھری اختتام پذیر ہوگئیں، ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (آپریشنز) ایئرمارشل سہیل امان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق تین ہفتے تک جاری رہنے والی فضائی مشق شاہین تھری کے دوران پی اے ایف اور چینی فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں اور معاون عناصر نے حصہ لیا۔
میجر جنرل ژان ہو شن، کمانڈر چینگڈو ریجنل ایئر فورس کمانڈ کی سربراہی میں 6 رکنی وفد نے آخری دن مشقیں دیکھیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل ژان ہو شن نے کہا کہ وہ پاک فضائیہ کی جارحانہ صلاحیت، حوصلہ مندانہ جذبے اور تربیتی اصول سے بہت متاثر ہوئے۔
پاک فضائیہ اب تک امریکا، سعودی عرب، ترکی، چین، اردن، متحدہ عرب امارات، مصر اور دوسرے دوست ممالک کی فضائی افواج کے ساتھ کئی عالمی فضائی مشقوں میں حصہ لے چکی ہے۔ سماء