گدھے کو تھپڑ مارنے پر نوجوان کیخلاف مقدمہ
واشنگٹن : امریکا میں گدھے کو تھپڑ مارنے پر نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
امریکا میں ایک انوکھے کیس میں 18 سالہ نوجوان کے خلاف گدھے کو تھپڑ مارنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملزم پر ریاست الینوی میں ایک فارم ہاؤس میں موجود گدھے کو تھپڑ مارنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جو نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کا یہ منفرد کیس ہے۔
پولیس نے 18 سالہ ملزم لوکس ڈیٹرچ کو حراست میں لے کر ایک گدھے پر تشدد کے بارے اس سے پوچھ گچھ کی ہے۔ برطانوی اخبار’ڈیلی میل‘ کے مطابق ملزم نے گدھے کو تھپڑ مارنے کے منظر پر مبنی ایک فوٹیج انٹرنیٹ پر پوسٹ کرکے خود ہی اپنی گرفتاری کا موقع فراہم کیا۔
اس فوٹیج کے منظر عام پرآنے کے بعد حیوانوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد کو مشتعل کردیا، انہوں نے ملزم کے خلاف پولیس کو درخواست دی تھی۔
پولیس نے گدھے کو تھپڑ مارنے کے الزام میں ڈیٹرچ کو حراست میں لیا، تاہم بعد ازاں اسے 5 ہزار ڈالر کی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ چند روز میں اس کے خلاف باقاعدہ عدالتی کارروائی شروع کی جائے گی۔ سماء