کسی بھی جارحیت،مہم جوئی کاجواب دینےکیلئےتیارہے

Pm Nawaz Speech Risal Pur Passing Out 11-04

رسالپور : وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے، خطے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، بدلتی دنیا میں قومی سلامتی کے تقاضے تبدیل ہورہے ہیں، ملک کا مضبوط دفاع کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے منگل کے روز پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آﺅٹ تقریب میں شرکت کی، تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشترکا خوشحالی ہمارا مشن ہے، پاکستان خطے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا مشن ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستان کا مضبوط دفاع ہمارا عزم ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ پی اے ایف اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے کیڈٹس مبارکباد کے مستحق اور آج کا دن ان کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گرایجویشن مکمل کرنے والے کیڈٹس آج کی تقریب کو کبھی نہیں بھلا سکتے اور یہ لمحہ ان کی زندگی میں دوبارہ نہیں آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں سخت محنت جاری رکھنی چاہیے اور ہماری کامیابیوں میں سخت محنت کا ثمر شامل ہے، آپ کے کندھوں پر دفاع وطن کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لئے ہمارے ہیروز کی قربانیاں قابل ستائش ہیں، آپ کو قوم کے اعتماد پر پورا اترنا ہوگا، جب کہ دور حاضر کی جدید ٹیکنالوجی کے باعث آپ پر مزید اضافی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ آپ کو اپنی کامیابی کا سفر جاری رکھناچاہیے تاکہ اپنے کیریئر میں مزید کامیابیاں حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی فضائی حدود کا تحفظ آپ کی ذمہ داری ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی پر امن تعلقات کا خواہش مند ہے اور ہم اپنے ہمسائیوں سے دوستی کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں اور پاکستان نے دوستی کا ہاتھ بڑھانے میں ہچکچاہٹ کامظاہرہ نہیں کیا۔ انہوںنے کہاکہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پر امن ہمسائیگی کے نظریہ کے تحت ہم اپنی آزادی کا تحفظ کررہے ہیں، دور جدید میں جنگیں صرف افواج سے نہیں لڑی جاتیں بلکہ ان میں قوموں کاکردار بھی انتہائی اہم ہے اور معاشی ترقی کے ذریعے عالمی برداری میں اہم مقام حاصل کیاجاسکتاہے ۔ انہوں نے پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملک کے دفاع اور سلامتی کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کام کریں اور پوری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کے لئے پرعزم ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ایئر فورس نے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا اور پاکستان ایئرفورس اور اس کی قیادت کی کاوشیں قابل قدر ہیں، آپ پر ملک کے دفاع کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور یقین ہے کہ آپ مکمل عزم اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کریں گے اور اپنی قوم کے اعتماد پر پورا اتریں گے، کامیابی کے لئے کوئی مختصر راستہ نہیں ہوتا بلکہ اس کے لئے مسلسل محنت اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستان کا مضبوط دفاع ہمارا عزم ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں اعلیٰ معیارکی تربیت فراہم کی جارہی ہے اور آج کی یہ تقریب کیڈٹس کی مخلصانہ محنت کے ثمر کانتیجہ ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیاکہ پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس مکمل عزم کے ساتھ ملک کی خدمت کریں گے، بدلتی دنیا میں قومی سلامتی کے تقاضے تبدیل ہورہے ہیں اور ملک کا مضبوط دفاع کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ کامعائنہ کیا اور پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیجز لگائے ۔ 93 ایوی ایشن کورس میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر شایان احمد نے ٹرافی حاصل کی۔ایوی ایشن کے 113 کیڈٹس نے گریجوایشن مکمل کی ۔ بہترین کارکردگی پر انڈر آفیسر نوشیروان علی نے اعزازی شمشیر حاصل کی۔پاسنگ آﺅٹ کی تقریب میں 137 ویں جی ڈی پی ، 83 ویں انجینئرنگ ، 93 ایئر ڈیفنس ، 18اے اینڈ ایس ڈی،چھٹے نیوی گیشن اور دوسرے لاجسٹک کورس کے کیڈٹس نے شرکت کی۔وزیر اعظم نے نمبر ایک چیمپین سکوارڈن کو قائد اعظم بینر بھی دیا۔93 ایو ی ایشن کورس میں بہترین کارکردگی پر عمران خان کو ٹرافی دی گئی جبکہ انجینئرنگ کے شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرمہرین اعظم نے ٹرافی اور ونگ انڈر آفیسر مبشر آفتاب کو بھی ٹرافی سے نوازا گیا۔ پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان،گورنر خیبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑا،سفارت کاروں اور اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا ، پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیجز لگائے، شایان احمد نے ٹرافی حاصل کی، بہترین کارکردگی پر انڈر آفیسر نوشیروان علی نے اعزازی شمشیر حاصل کی۔ سماء

ZARB E AZB

PM Nawaz Sharif

passing out parade

PAF academy

Tabool ads will show in this div