الطاف حسین کی گرفتاری کی خبریں، کارکن پر امن رہیں، ڈاکٹر فاروق ستار کی اپیل
ویب ایڈیٹر
کراچی : ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم نے ہمیشہ ہر طرح کی تحقیقات میں تعاون کیا، آئندہ بھی کرتے رہیں گے، قائد تحریک ہر الزام کا بہادری سے سامنا کریں گے، کارکن افواہوں پر کان نہ دھریں اور منظم رہیں۔
لندن میں متحدہ کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کی خبروں کے بعد کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر ہزاروں کارکن جمع ہوگئے، جن میں خواتین اور بزرگ بھی موجود تھے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کارکن افواہوں پر کان نہ دھریں، مشکل وقت میں بھی الطاف حسین کی تعلیمات پر عمل کرکے ثابت کرنا ہوگا کہ ہم منظم ہیں، قائد تحریک نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔
ان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین ہر الزام کا بہادری سے سامنا کریں گے، الطاف حسین انشاء ہر الزام سے باعزت بری ہوں گے، ایم کیو ایم کیخلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہ کی جائے، لندن پولیس کی کارروائی ناقابل فہم ہے، سرچ وارنٹ لے کر پولیس آئی جس نے الطاف حسین کا بیان ریکارڈ کیا، الطاف حسین کی رہائش گاہ پر وکلاء بھی موجود ہیں۔
نائن زیرو پر ڈاکٹر فاروق ستار کے خطاب کے موقع پر کارکنان مشتعل ہوگئے اور کچھ خواتین جذبات پر قابو نہ پاتے ہوئے رو پڑیں۔ سماء