الطاف حسین گرفتاری،متحدہ رہنماؤں کی کارکنوں سےپرامن رہنےکی اپیل
اسٹاف رپورٹ
کراچی : لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری اور اس پر شہر قائد میں ہونے والے رد عمل پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے عوام اور کارکنوں سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔
ایم کیو ایم کی لندن رابطہ کمیٹی کے رکن ندیم نصرت کا کہنا ہے کہ کارکن افواہوں پر کان نہ دھریں ۔ الطاف حسين اپنے گھر پر موجود ہيں۔ لندن سے نیوز کانفرنس میں انھوں نے عوام سے پُرامن رہنے اور اپنی صفوں اتحاد برقرار رکھنے کی بھی اپیل کی۔
لندن میں الطاف حسین کی گرفتاری کا سارا ملبہ کراچی میں گرا، وہاں گرفتاری عمل میں آئی اور یہاں پورے شہر میں گویا بھونچال آگیا، ہر طرف افراتفری، جلاؤ گھیراؤ اور شدید ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی۔ کاروباری مراکز، دکانیں اور متعدد حساس علاقے بند ہونا شروع ہوگئے۔ موقع اور موجودہ صورت حال کے پیش نظر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ہنگامی پریس کانفرنس کر ڈالی۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے پریس کانفرنس میں متحدہ کے ہمدردوں، کارکنوں اور دیگر افراد سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین کا کہنا تھا کہ ہمدرد اور کارکن حوصلہ رکھیں اور کسی قسم کا کوئی رد عمل ظاہر نہ کیا جائے، حکومتی املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے اور کسی بھی انتشار اور بدامنی کی صورت حال سے گریز کریں۔
رابطہ کمیٹی کی جانب سے کراچی میں بسوں کو جلانے کی بھی مذمت کی گئی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے واقعات ایم کیوایم کو بدنام کرنے کی سازش ہے، ایسے واقعات میں شرپسند عناصر ملوث ہیں، بسوں اور دکانوں کو نذرآتش کرنے کے واقعات کی تحقیقات کرائی جائے۔ سماء