عمران خان صوبائی تعصب پھیلا رہے ہیں،پرویز رشید
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے عمران خان نے مشکل کی گھڑی میں خود کبھی عوام کی مدد نہیں کی، ان کی سیاسی حکمت عملی میں چھوٹے صوبوں کی کوئی اہمیت نہیں مگر وہ صوبائی تعصب پھیلا رہے ہیں، عمران خان اسد عمر کے مشوروں پر عمل کرتے رہے تو پاکستانی معیشت تباہی کے دہانے پر ہوگی۔
وزیر اطلاعات نے جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان اس وقت تھر نہیں گئے جب وہاں لوگ بھوک اور بیماری سے مررہے تھے ، آواران میں زلزلے کے بعد جب بلوچ عوام مصیبت میں تھے ، عمران اس وقت بھی وہاں نہیں تھے ۔ پرویز رشید کا کہنا ہے کراچی کے عوام کے لئے عمران کان نے کچھ نہیں کیا ، جب کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ ہو رہی تھی تو عمران خان کہاں تھے ؟ عمران خان نے ہمیشہ چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کیا مگراب صوبائی عصبیت کو ہوا دے رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا ہے اصل میں عمران خان کو یہ ہضم نہیں ہو رہا کہ ڈالر نیچے اور روپیہ اوپر کیوں جا رہا ہے،عمران خان کو اپنے ذاتی مفادات پرقومی فادات کو ترجیح دینی چاہئے، تمام صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کو شکایت تھی تو معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھاتے،نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا،امراء اور بااثر طبقے سے مراعات واپس لی گئی ہیں، موجودہ حکومت نے ماضی کے مقابلے مین زیادہ ادائیگیاں کی ہیں۔ سماء