کراچی،اے ایس ایف اکیڈمی پر دہشت گردوں کا دوبارہ حملہ
ویب ایڈیٹر:
کراچی: اے ایس ایف اکیڈمی اور کیمپ پر دہشت گردوں نے دوبارہ حملہ کردیا۔، تاہم اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ جوانوں اور اہل کاروں نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا۔
شہر قائد کے باسیوں کیلئے منگل کی صبح ابھی کولڈ اسٹوریج سانحہ سے بوجھل ہی تھی کہ دوپہر بارہ بجے کے بعد اچانک دہشت گردوں نے اے ایس ایف اکیڈمی پر دو جانب سے حملہ کردیا، اے ایس ایف اہل کاروں اور سیکیورٹی فورسز نے جواں مردی سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا۔
اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد چار سے پانچ تھی، حملے کے بعد اے ایس ایف اہل کاروں کی مزید نفری طلب کرلی گئی، حملے کے بعد ایئرپورٹ جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے۔
اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ اکیڈمی گیٹ اور کیمپ کے راستوں سے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ بہادر اے ایس ایف اہل کاروں نے دہشت گردوں کو گیٹ سے اندر داخل ہونے سے روکا، دہشت گردوں نے اکیڈمی گیٹ اور کیمپ کے راستوں سے حملہ کیا۔
ایئرپورٹ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے اے ایس ایف اکیڈمی کے کیمپ پر دوبارہ جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ اے ایس ایف اہل کاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، دہشت گرد اور اے ایس ایف اہلکار پوزیشن سنبھال کر ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بند ہوئے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق حملہ پہلوان گوٹھ کی جانب سے کیا گیا، عسکری ذرائع کے مطابق پاک افواج کے دستے اے ایس ایف کی مدد کیلئے پہنچ گئے ہیں، پاک افواج، اے ایس ایف اہل کار کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے، اہل کاروں کی بھرپور اور بروقت کارروائی کے بعد دہشت گرد نالے سے پہلوان گوٹھ کی جانب بھاگے پڑے، اے ایس ایف کے جوان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کا تعاقب کر رہے ہیں۔
پولیس و رینجرز کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے، عسکری ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد 3 سے 4 ہے، عسکری ذرائع کے مطابق اے ایس ایف کے مرکزی گیٹ اور لیڈیز ہاسٹل پر حملہ کیا گیا، بکتربند گاڑیاں اورپولیس کمانڈوزاےایس ایف اکیڈمی پہنچ گئے۔
ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری۔ سماء