گوجرانوالہ پولیس کا چوری کے ملزم پر بہیمانہ تشدد، ناخن کھینچ لئے
اسٹاف رپورٹ
گوجرانوالہ : گوجرانوالہ پولیس نے چوری کے ملزم پر تشدد کی انتہاء کردی، تین روز تک مار پیٹ کے بعد ناخن تک کھینچ لئے، عدالت کے حکم پر میڈیکل چیک اپ میں تشدد کی تصدیق ہوگئی۔
تھانہ گرجاکھ پولیس نے 3 روز قبل نواحی علاقے کوٹ اسحاق سے چوری کا موبائل خریدنے کے الزام میں موبائل شاپ کے مالک 22 سالہ وسیم کو حراست میں لیا اور مقدمہ درج کئے بغیر اس پر تشدد کی انتہاء کردی۔
پولیس نے اسے ملزم کو بھوکا پیاسا رکھا، اس کی ٹانگوں پر رولر چلائے اور اسے رسے سے الٹا لٹکا کر ڈنڈے مارے گئے، 3 دن تک برہنہ کرکے زمین پر لٹا کر اس کی چھترول کی جاتی رہی، پولیس کے بہیمانہ تشدد سے وسیم کی دونوں ٹانگیں بری طرح زخمی ہیں اور جسم بھی چوٹوں کے نشانات ہیں، دائیں ہاتھ کی انگلیوں کے ناخن بھی کھینچے گئے ہیں۔
متاثرہ نوجوان کا کہنا ہے کہ جب وہ پانی مانگتا تو اسے واش روم والے لوٹے میں گرم پانی دیا جاتا، بھاری رشوت دے کر پولیس سے جان چھڑوائی ہے۔
سول اسپتال میں عدالت کے حکم پر ہونیوالے طبی معائنے میں ڈاکٹرز نے وسیم پر تشدد کی تصدیق کردی ہے۔ سماء