بے قابو ڈینگی کے ڈنگ جاری،مزید 6 افراد جاں بحق
اسٹاف رپورٹ
لاہور: پنجاب کی تمام تر حفاظتی تدابیر کے باوجود ڈینگی مچھر قابو میں نہیں آرہا ہے۔ لاہور میں ڈینگی کے مزید چھ مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 66 ہوگئی ہے۔
جان ليوا مچھر کے خوف سے بند کئے گئے تعلیمی ادارے پیر سے کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ بچوں کو مچھروں سے بچانے کیلئے اسکولوں کے اوقات اور یونیفارم تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
لاہور میں ڈینگی مچھر کی تباہ کاریاں کب تک جاری رہیں گی۔ کوئی نہیں جانتا ہرآنے والے دن کے ساتھ اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
شہر کے تمام اسپتال مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ ڈینگی ٹیسٹ کے لئے بنائے جانے والے خصوصی کاؤنٹرز پر بے پناہ ہجوم ہے۔ جن کی باری آجاتی ہے وہ قدرے مطمئن ہیں۔
گھنٹوں انتظار کے بعد بھی ٹیسٹ کروانے میں کامیاب نہیں ہوتے وہ انتظامیہ پر برس پڑتے ہیں۔ ڈینگی مچھرنے شہریوں کے معمولات کو بھی بری طرح متاثرکیا ہے۔
ڈینگی وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلائو کے پیش نظر شہر میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں اور معصوم بچے اس موذی مچھر کے خاتمے کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔
ڈینگی کے باعث بند کئے گئے تعلیمی اداروں کو پیر کے روز سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم بچے نیکر اور ہاف بازو شرٹ پہن کر سکول نہیں آسکیں گے۔
بچوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لئے سکولوں کے اوقات کار اور تفریح کے دوران کھیلوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے عوامی آگاہی کے لئے ڈینگی کو نصاب تعلیم میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے اور اس سے متعلق پنجاب اسمبلی میں قانون سازی بھی کی جائے گی۔ سماء