لاہور سانحہ، وزیرستان آپریشن، سیاسی صورتحال پرغور، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کو ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کرادی، ملکی سیاسی صورتحال اور فوجی آپریشن پر اہم اجلاس بھی بلالیا۔
حکومت کے ناراض اتحادی مولانا فضل الرحمن کی وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن اور آئی ڈی پیز سے متعلق مشاورت کی گئی۔
مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم سے گلے شکوے بھی کئے، ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ہونے کے باوجود ہر معاملے میں نظر انداز کیا جاتا ہے، وزیراعظم نے اہم معاملات میں اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کروادی۔
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور ملک کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ادھر وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب، سانحہ لاہور اور ملکی سیاسی صورتحال پر اہم مشاورتی اجلاس بلا لیا، جس میں اہم حکومتی شخصیات اور پارٹی رہنماء شریک ہوں گے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، شہباز شریف سانحہ لاہور کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے۔ سماء