افغانستان سےپاک فوج کی چیک پوسٹ پرحملہ،6دہشتگرد ہلاک
لنڈی کوتل : خیبر ایجنسی کے علاقے میں افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں دو اہل کار شہید ہوگئے، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک افغان بارڈر پر خیبر ایجنسی کے علاقے میں افغانستان سے آئے دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔
ترجمان کے مطابق حملے کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پاک فوج نے سرحد پار دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور چھ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام پر پہنچا دیا گیا، جب کہ کارروائی کے دوران دو اہل کاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دہشت گردوں کی لاشیں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ سماء