بے قابو ڈینگی کے حملے جاری،متاثرہ افراد کی تعداد8ہزار سے تجاوز کرگئی
اسٹاف رپورٹ
لاہور: پنجاب سمیت ملک بھر میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موذی وائرس پر قابو پانے میں مزيد ايک ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ سری لنکا کے بعد انڈونيشيا نے بھی طبی ماہرين کو پاکستان بھيجنے کا فيصلہ کیا ہے۔
پنجاب میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد آٹھ ہزار دو سو تک پہنچ گئی اور ان میں سے تقریباً ساڑھے سات ہزار کا تعلق لاہور سے ہے۔
لاہور میں ہنگامی صورتحال ہے۔ شہر کے کسی بھی سرکاری یا نجی اسپتال کا رخ کریں تو ڈینگی بخار میں مبتلا افراد کا ہجوم نظر آتا ہے۔ ڈینگی ٹیسٹ کے لئے گھنٹوں قطاروں میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس موذی وائرس پر قابو پانے میں مزيد ايک ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ ڈينگی وائرس کی روک تھام کے لیے انڈونيشيا کے طبی ماہرين کی ٹيم آئندہ ہفتے لاہور پہنچے گی ۔
ملتان میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد ایک سو دس ہوگئی ۔ فیصل آباد میں تین سو گیارہ ، گوجرانوالہ میں چون ، ڈيرہ غازی خان میں ترپن اور سیالکوٹ میں چھ افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
نوشہرہ میں ڈینگی سے دو افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے متاثر ہونے کے بعد مچھر مار اسپرے شروع کر دیا گیا ہے۔
سوات اور شانگلہ میں آٹھ افراد ڈینگی سے متاثر ہیں۔ گلگت میں دو اور بنوں میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ سماء