طاہر القادری نے رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ مسترد کردیا، شہباز شریف خودمستعفی ہوں
ویب ایڈیٹر
کراچی : ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے رانا ثناء اللہ کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف ڈرامہ نہ کریں بلکہ خود استعفیٰ دیں۔
سماء سے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ فیصلے پر صرف عمل کروانے والے ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف کے حکم پر انہوں نے یہ اقدام کیا، اس واقعے کے ماسٹر مائنڈز کو مستعفی ہونا چاہئے، رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ ناکافی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن پر شریف برادران اثر انداز ہوں گے، ہمارے مؤقف کی تائید ہوگئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے مان لیا کہ معصوموں کا خون ہوا، اس سے تمام سرکاری بیانات غلط ثابت ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ انہیں چھٹیوں پر بھیجنے کے مترادف ہے، وہ ہنی مون منانے کی طرح چھٹیاں گزارنے گئے ہیں، پنجاب حکومت کی پوری ٹیم ذمہ داری قبول کرکے مستعفی ہو۔ سماء