منگھو پیر میں فائرنگ، 3 پولیس اہلکار جاں بحق، کراچی میں آج ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی
ویب ایڈیٹر
کراچی : کراچی کے علاقے منگھو پیر میں ایک بار پھر پولیس کو نشانہ بنایا گیا، ملزمان نے فائرنگ کرکے 3 اہلکاروں کو شہید کردیا جبکہ ایک زخمی ہے، آج شہر قائد میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔
کراچی میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے، منگھو پیر میں ملزمان نے موٹر سائیکل سوار اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، اسپتال منتقل کرنے کے دوران ایک اور اہلکار دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ بھی چھین کر لے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان 4 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جو حملے کے بعد کنواری کالونی کی جانب فرار ہوگئے۔
ڈی ایس پی شوکت شاہانی کہتے ہیں کہ پولیس اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی، فائرنگ کرنیوالے تخریب کاروں کا رینجرز اہلکاروں سے بھی ٹاکرا ہوا تاہم تعاقب کے دورا وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
منگھو پیر میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کے بعد پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس کی 2 کمپنیاں طلب کرلی گئیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پولیس اہلکاروں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی، ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، دہشت گردوں کو ناکام بنانے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
منگھو پیر میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل غلام علی، کانسٹیبل منور اور ہیڈ کانسٹیبل سومار کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اتحاد ٹاؤن قائم خانی کالونی میں فائرنگ سے نصیب فاروق جاں بحق ہوا، پولیس کے مطابق مقتول سیاسی جماعت کا کارکن تھا، عزیز آباد میں دہشت گردوں نے محمد ریاض کو موت کی نیند سلادیا، جبکہ علی نواز اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش ہے، الآصف اسکوائر کے قریب بھی گولیاں چلیں اور ایک شخص جان سے گیا، ادھر نیو ٹاؤن اور لیاقت آباد سے خاتون سمیت 2 افراد کی لاشیں ملیں۔ سماء