روشنیوں کے شہر میں سات زندگیوں کے چراغ گل
اسٹاف رپورٹ
کراچی : روشنیوں کے شہر کراچی میں موت کے اندھیرے چھٹنے کا نام نہیں لے رہے، بولتی بندوقوں نے آج بھی سات افراد کی جان لے لی۔ ڈیفنس کالا پل کے قریب دو ڈاکو پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق نیٹی جیٹی پل کے قریب قاتلوں نے ایک شخص کو گولیوں کانشانہ بنایا۔ آرام باغ تھانے کی حدود میں سندھ سیکریٹریٹ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
سپرہائی وے جنجال گوٹھ میں قاتلوں نے ایک شخص کی جان لے لی، ڈیفنس خیابان رومی میں بنگلے سے سولہ سالہ چوکیدار بلاول کی تشدد زدہ لاش ملی۔ منگھوپیر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی شناخت نہ ہوسکی۔ کورنگی بلال کالونی کے قریب بنگالی پاڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عبدالرزاق زخمی ہوگیا، جو جناح اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔
اورنگی ٹاؤن اردو چوک کے قریب بھی فائرنگ ہوئی، جس سے بیالیس سالہ نواز علی جان سے گیا۔ ادھر ڈیفنس کالا پل کے قریب لوٹ مار میں مصروف دو ڈاکوؤں کو پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔ سماء