انتخابی اصلاحات ؛ الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، چیف الیکشن کمشنر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی کے رکن کی جانب سے الیکشن کمیشن پر پری پول دھاندلی کے الزامات لگائے گئے، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے آئندہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نیک نیتی سے کمیٹیز کے اجلاس میں شرکت کی، جیسے بھی قوانین بنائے جائیں، اب ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن اصلاحات سے متعلق قوانین کا حصہ نہیں بنے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن 2013ء میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کے بعد انتخابی قوانین میں اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی تھی جس میں تمام جماعتوں کے نمائندے موجود ہیں۔ سماء