پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئےافغان سرزمین کاپھراستعمال
اسلام آباد : پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین سے پھر دہشت گردی کی کارروائی کی گئی، اسلام آباد نے حملے پر احتجاجاً افغان سرحد پار کرنے والے دہشت گردوں کے پاک فوج کی چوکیوں پر حملے پر کابل سے سخت احتجاج کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مہمند ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گرد پاکستان میں گھس آئے اور پاکستانی چوکیوں پر حملے کی کوشش کی، واقعہ پر پاکستان کی جانب سے افغان نائب سفیر کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مراسلے میں لکھا ہے کہ افغانستان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے اور سیکیورٹی نظام مضبوط کرے۔
ذرائع کے مطابق احتجاجی مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ گزشتہ رات مہمند ایجنسی میں سرحد پارسے دہشت گرد حملے میں 5 فوجی جوان شہید ہوئے ہیں،پاک افغان سرحد اسی لیے بند کی تاکہ دہشت گرد سرحد کے پارنہ آسکیں۔ سماء