ضرب عضب،فیصلہ کن زمینی کارروائی کاآغاز،16 دہشت گرد ہلاک
ویب ایڈیٹر:
میران شاہ : پاک افواج نے شمالی وزیرستان میں ملک دشمن عناصر ، دہشت گردوں اور کالعدم طالبان کے خلاف زمینی آپریشن کا آغاز کردیا۔ تازہ کارروائی میں 16 دہشت گرد ہلاک، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین سیکیورٹی اہل کار زخمی ہوئے۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج نے ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب فضائی کارروائی کے بعد اب زمینی آپریشن بھی شروع کردیا ہے، زمینی دستے میران شاہ اور دیگر علاقوں میں داخل ہوگئے ہیں، جب کہ میر علی میں دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ میں فوج کی جانب سے زمینی کارروائی کا آغاز آج علی الصبح شروع کیا گیا، پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے میران شاہ اور دیگر علاقوں میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں ملک دشمنوں کے خلاف آپريشن ضرب عضب اہم فیز میں داخل ہوگیا ہے، فضائی کارروائی کے بعد اب زمینی کارروائی شروع کی گئی، جس میں گھر گھر تلاشی اور دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے کارروائیاں کی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق آج ہونے والی پاک افواج کی کامیاب کارروائی میں 15 دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا گیا، جب کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان زخمی بھی ہوئے۔ پاک فوج کی جانب سے آپریشن ضرب عضب میں، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے، انفٹری، آرمڈ کور، انجینیرز اور دیگر آرمز حصہ لے رہے ہیں۔ قبائلیوں کی جانب سے نقل مکانی مکمل ہونے کے بعد فوج نے علاقے میں زمینی کارروائی شروع کی۔
زمینی دستوں نے بارودی سرنگیں بنانے والی فیکٹری بھی تباہ کردی، تلاشی کے دوران بہت سی زیر زمین سرنگیں بھی ملیں ہیں۔ میران شاہ اور گرد و نواح میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری جاری ہے۔ جب کہ بمباری کیلئے توپ خانے اور بھاری ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں۔
آپریشن ضرب عضب میں اب تک 17 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ہے، کامیاب کارروائی میں دہشت گردوں کے 61 ٹھکانے تباہ کیے جا چکے ہیں، جب کہ 19 دہشت گردوں نے فوج کے سامنے ہتھیار ڈال کر خود کو فورسز کے حوالے کر دیا، آپریشن کے دوران اب تک 376دہشت گرد مارے جا چکے۔
دوسری جانب بنوں میں نقل مکانی کرنے والوں کی امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے، 110 کلو وزنی راشن کے 30 ہزار پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں، ملک بھر کے 55 کیمپوں سے 276 ٹن راشن بنوں روانہ کیا جا چکا ہے، بنوں میں قائم فوجی فیلڈ اسپتال میں5665 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔ سماء