پی ایس ایل 2017: فائنل کون کھیلے گا، پشاور زلمی یا کراچی کنگز؟
دبئی : پاکستان سپر لیگ کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا، پشاور زلمی اور کراچی کنگز تیسرے پلے آف میچ میں ٹکرائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ 2017ء کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان اہم ترین پلے آف میچ میں ہوگا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سامی الیون کو شکست دے کر پہلے ہی ٹائٹل مقابلے کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے۔
دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف میچ میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا، لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے مرحلے میں ہی پی ایس ایل سے باہر ہوگئی تھی۔
پشاور زلمی کے اسٹار شاہد آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ پلے آف میچ ہار بھی گئے تو فائنل میں شرکت کیلئے لاہور ضرور جائیں گے۔
حکومت اور پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 2017ء کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد کئی انٹرنیشنل کرکٹرز اور کمنٹیٹرز نے سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ فائنل میں شرکت سے انکار کرنیوالوں میں آسٹریلیا کے شین واٹسن، بریڈ ہیڈن، انگلینڈ کے لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے فائنل کھیلنے والی ٹیموں میں 4، 4 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے جس کیلئے ایک بار پھر ڈرافٹنگ کی جائے گی۔ سماء