پی ایس ایل؛فائیواسٹارہوٹل میں اسپتال قائم

لاہور:پاکستان سپرلیگ کے فائنل کیلئے محکمہ صحت نے بھی تیاریاں شروع کر دیں۔ لاہور کے فائیو سٹار ہوٹل میں چھے بستروں کا اسپتال قائم کردیا گیا۔ ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکےگی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 5 مارچ کو ہونے والے پی ایس فائنل کی دونوں ٹیمیں، وی آئی پی شخصیات اور شائقین کے مال روڈ کے فائیو سٹارہوٹل میں ٹھہرنے کا امکان ہے،اسی وجہ سے گنگارام ہسپتال کی جانب سے ہوٹل میں اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ چھے بستروں پر مشتمل اسپتال میں ڈاکٹر، پیرامیڈیکل سٹاف اور ایمبولینس چوبیس گھنٹے موجود رہے گی۔ یہ اسپتال سات مارچ تک طبی سہولیات فراہم کرے گا۔
محکمہ صحت ہاکی اسٹیڈیم میں پچیس بستروں پر مشتمل عارضی اسپتال بھی قائم کرے گا۔ جبکہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب سے فائنل والے دن اسٹيڈيم ميں کارڈیک ایمبولینس اوراسٹاف تعينات کیا جائےگا۔ سماء