حج کرپشن کیس : مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری پر سپریم کورٹ کا اظہار برہمی
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس کے مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا ہے، عدالت نے اٹارنی جنرل کو ریکارڈ کا جائزہ لے کر غفلت برتنے والے افسروں کی نشاندہی اور ان کیخلاف کارروائی تجویز کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے حج کرپشن کیس کے مرکزی ملزم احمد فیض کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت کی طلبی پر اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ پیش ہوئے تو عدالت نے انہیں کیس کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ بتایا جائے ایف آئی اے اب تک ملزم کو کیوں واپس نہیں لا سکی۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کو کیس میں غفلت برتنے والے افسران کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ بھی بتایا جائے کہ ان افسران کیخلاف کیا کارروائی ہوسکتی ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ 2011ء میں احمد فیض کی ملک بدری کیلئے سعودی عرب میں درخواست دائر کی گئی، ملزم کے ریڈ وارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں، عدالت نے ڈی جی کی کیس چیمبر میں سننے کی استدعا مسترد کر دی۔
جسٹس جواد نے ریمارکس دیئے کہ ملزم گرفتار نہیں ہوا تو اس کا مطلب ہے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، لگتا ہے احمد فیض بہت خاص آدمی ہے تبھی واپس نہیں لایا جاسکا، کیس کی مزید سماعت 9 جولائی کو ہوگی۔ سماء