کراچی،مبارک ویلیج کے قریب کشتی ڈوبنے سے متعدد ماہی گیرلاپتا
اسٹاف رپورٹ
کراچی : کراچی کے ساحل مبارک ویلیج کے قریب ماہی گیروں کی کشتی ڈوب گئی، کشتی میں سوار ماہی گیروں کی تلاش جاری ہے۔
پاکستان فشر فوک فورم کے نمائندے خدا گنج شاد کے مطابق مبارک ویلیج لائٹ ہاوس کے قریب ماہی گیروں کی کشتی ڈوڈا سمندر میں ڈوب گئی۔ واقعہ کی اطلاع فوری طور پر سندھ گورنمنٹ کے ایمرجنسی رسپانس سینٹر ، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور ایدھی کو کردی گئی۔
ایمرجنسی رسپانس سینٹر کے انچارج محمد معراج کے مطابق سمندر میں طغیانی کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ کشتی میں سوار ماہی گیر کی تعداد کے بارے میں محمد معراج کا کہنا تھا کہ دس سے بارہ معلوم ہوئی ہے ۔ دوربین کی مدد سے ماہی گیروں کو دیکھا ہے تاہم کشتی بھی سمندر میں الٹی پڑٰی ہے۔
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے لانچ ڈوبنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہی گیروں کی مدد کے لئے کمانڈوز کی ٹیم ریسکیو کا کام کررہی ہے، جب کہ نیوی کا ہیلی کاپٹر بھی فضائی جائزہ لے رہا ہے، چھ گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود بھی ماہی گیروں کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ سماء