افغان دہشتگرد بم نصب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
پشاور : سی ٹی ڈی اہل کاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پشاور کو بڑی تباہی سے بچا لیا، افغانی دہشت گردوں کو رینگ روڈ پر بم نصب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پشاور شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پشاور کی معروف شاہراہ رینگ روڈ پر دہشت گرد بارودی مواد کو نصب کر رہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شہر میں مشکوک شخص کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا، جو ہاتھ میں تھیلا لیے پھر رہا تھا۔ دہشت گرد کا پیچھا کیا گیا تو وہ رینگ روڈ کے درمیان بارودی مواد کو نصب کر ہی رہا تھا کہ سی ٹی ڈی کے جوان موقع پر پہنچ گئے دہشت گرد کو گرفتار کرکے شہر کو بڑے سانحہ سے بچا لیا۔