کالمز / بلاگ

امن چھیننے کا مرحلہ آن پہنچا

301027-Army-1322788574-462-640x480

ضرب عضب نے کمر توڑی تو امن دشمنوں کے دھڑے اتحاد میں پناہ ڈھونڈنے لگے، ارض پاک کو لہولہان کرنے کے ناپاک عزائم لیے کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور خالد محسود عرف سجنا گروپ پھر ایک ہوگئے ۔ دوسری جانب داعش ، لشکرجھنگوی العالمی اور جنداللہ جیسی تنظیمیں پاکستان میں ریاست کی بحال ہوتی رٹ کو نشانہ بنانے لگیں ۔ مگر ان سب میں مشترک بات ہے جڑیں افغانستان میں ہونا ۔ جہاں حکومت بظاہر افغانوں کی لیکن راج پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کا ہے ۔ ٹی ٹی پی کے ملا فضل اللہ، جماعت الاحرار کے عمرخراسانی، لشکرجھنگوی العالمی کے صفدرخراسانی اور داعش کا مبینہ سربراہ حسیب لوگری افغانستان میں ہیں ۔ جن کا بھارت سے یارانہ ہے ،افغانستان ٹھکانہ ہے اور پاکستان نشانہ ہے ۔ کراچی سے پشاور تک ہونے والی دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرنے والی جماعت الاحرار کی ویب سائیٹ بھی بھارتی شہر چنئی سے آپریٹ ہونے کا سراغ ملا ہے ۔

ملک میں دیرینہ دہشتگردی کے گھاؤ بھرنا شروع ہو چکے تھے کہ بیرونی قوتوں کے لے پالک دہشتگرد اپنے آقاؤں کی مدد اور ہدایت پر پھر سرگرم ہوگئے ۔ دہشتگردی کا سمندر عبور کرنے والی بہادر قوم کو نئے چھینٹوں سے ڈرانے کی گھناؤنی کوششیں شروع کردی گئیں ۔ لیکن آفرین ہے اس قوم پر کہ قلندر کے مزار سے لاشے اور زخمی ابھی اسپتالوں تک بھی نہ پہنچے تھے کہ لال شہباز قلندر کی نوبت پھر گونج اٹھی ۔ فضاؤں میں آہیں اور سسکیاں صبر ، استقلال اور عقیدت و محبت کے دلگیر نغموں میں ڈھلنے لگیں ۔

مہذب قوم نے اپنا جواب دیدیا ، لیکن دہشتگردوں کو ان کی زبان میں جواب دینے کیلئے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز قہر بن کر ٹوٹنے لگیں ، درجنوں امن دشمنوں کو جہنم واصل کردیا گیا ہے ان کی متعدد کمین گاہیں بھی ملیا میٹ کردی گئی ہیں۔

سیاستدان،فوج اورقوم یکسو ،یک زبان اور یک جان ہیں کہ دہشتگردوں کو بے نام و نشان کر دیا جائےگا اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو کسی بھی صورت غیر مستحکم یا ضائع نہیں ہونے دیا جائےگا۔ اسی لئے تو تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک فوج کے بھاری جنگی ہتھیارکے دہانے افغانستان کیجانب کرکے نصب کردیئے ۔ لیکن بھارت بغلیں ہر گز نہ بجائے کہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی نظریں بھی ہٹا دیں اور دو برادر ہمسایہ ممالک کو دست و گریباں کرنے میں بھی کامیاب ہوگیا ۔ ایسا ہر گز نہیں ۔

کشمیر کے جلتے چنار دنیا کیلیے آتش فشاں کا لاوا بن کررہیں گے، بس زرا انتظار ۔ دوسری طرف افغانستان بھی دہشتگردی کا شکار ہیں اور ہم بھی ، دکھ سانجھا ہے درد مشترک ۔ مقابلہ بھی مل کرہی کرینگے ۔ اسی لئے تو پاکستان نے مطلوب دہشتگردوں کی فہرست کابل کے حوالے کرکے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی طرح افغانستان بھی اپنی سرزمین سے ہمسایہ ملک میں دہشتگردی روکے ۔

سپہ سالار نے دشمن کو واضح پیغام بھی دیا ہے کہ ‘‘ملک میں حالیہ دہشتگردی میں بھارتی عزائم سے خوب آگاہ ہیں۔ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو اس عزائم کا کھلا ثبوت ہے جس کے کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مودی سرکار کی چالاکی کا بھانڈا بھی پھوڑ دیا اور کہا کہ لائن آف کنٹرول پر صورتحال بگاڑ کر بھارت دہشتگردی کے خلاف جنگ پر اثرانداز ہونا چاہتا ہے۔ تاہم پاک فوج ان تمام چیلنجز سے نمٹنے کا ہنر جانتی ہے۔’’

باقی رہی پاکستانی قوم کی بات تو بھارت سمیت ہر دشمن سمجھ لے بلکہ پلے باندھ لے کہ ارض پاک کے وارثوں کے عزم و حوصلے کا راستہ دہشتگرد کیا پہلے روک سکے تھے جو اب روکیں گے۔

باطل سے دبنے والے اے آسماں نہیں ہم سو بار لے چکا ہے تو امتحاں ہمارا

ZARBEAZB

PAK AFGHAN BORDER

COMBING OPERATION

QAMAR JAVED BAJWA

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div