مظفر گڑھ : پولیس پر حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں فرار ملزم ساتھی سمیت ہلاک
ویب ایڈیٹر
مظفر گڑھ : مظفر گڑھ میں دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کردیا، واقعے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے، ملزمان گرفتار ساتھی کو چھڑا کرلے گئے، پولیس کی جوابی کارروائی میں فرار ملزم ساتھی سمیت مارا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے علی پور میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ایک مقام سے 3 بم برآمد ہوئے جنہیں تخریب کاری میں استعمال کیا جانا تھا۔
پولیس ملزم کو لے کر گاڑی میں واپس جارہی تھی کہ دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان اپنے گرفتار ساتھی کو چھڑا کر لے گئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی مزید نفری بلائی گئی اور ملزمان کا تعاقب کیا گیا، پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں فرار ملزم ایک ساتھی سمیت مارا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مظفر گڑھ میں پولیس پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ سماء