ریلوے صارفین کےلیےخوشخبری

Feb 21, 2017

Pakistan_Railways,_Lalamusa_Jn,_1      

لاہور: وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی 300 اکانومی کلاس کوچز کو اے سی اسٹینڈرڈ میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ 120 اکانومی کلاس کوچز کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا ۔ 39 اے سی سلیپر کی حالت کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے جن میں مسافر سفر کر کے خوشی محسوس کریں گے۔

ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارچ میں 7 نئے امریکی لوکوموٹیو سسٹم میں شامل ہو رہے ہیں ۔ پاکستان ریلوے ان مینڈ لیول کراسنگ پراجیکٹ پر بی او ٹی بنیادوں پر حکومت پنجاب کے پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے جس کیلئے مختلف کمپنیز کو دعوت دی جائے گی کہ وہ آ کر بڑے شہروں میں انڈر پاسز بنائیں اور چھوٹے شہروں میں ان مینڈ لیول کراسنگ کو مینڈ لیول کراسنگ میں تبدیل کرے اور اپنا ٹال وصول کرے۔

 انہوں نے کہا کہ شالیمار ایکسپریس 2012ءمیں آﺅٹ سورس کی گئی تھی جس سے ریلوے کو آخری ادائیگی 66 کروڑ 60 لاکھ روپے ہوئی لیکن اب میرٹ پر وہی ٹرین نئی کمپوزیشن کے ساتھ 1 ارب 80 کروڑ روپے پر دی گئی ہے جس سے ایک ارب 14 کروڑ روپے اضافی آمدنی ہو گی ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اکانومی کلاس کی اپ گریڈیشن کے بعد کرایہ میں اضافہ کی ابھی کوئی پالیسی نہیں بنائی تاہم ریلوے نے یہ انویسٹمنٹ اپنے ریونیو سے کرنی ہے ۔

 انہوں نے واضح کیا کہ اگر ریکوری ہو گی تو مزید انویسٹمنٹ کی جا سکے گی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئٹہ تفتان سیکشن 680 کلومیٹر کا ٹریک ہے جس کی حالت ایسی نہیں کہ وہاں پسنجر ٹرین چل سکے اس پر مال گاڑی ہی چل سکتی ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹرینوں میں ڈائننگ کارز کی صورتحال میں بہت فرق پڑا ہے اور اب مسافروں کو پہلے سے بہت بہتر کھانا دستیاب ہوتا ہے ۔

 ایک سوال پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی فزیبلٹی رپورٹ بن چکی ہے جبکہ ابتدائی ڈیزائن بھی تیار ہو چکا ہے جس کی ہم ادائیگی کے پراسس میں ہیں  جس کی تکمیل سے پشاور سے کراچی تک ٹرین 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی جس پر کوئی لیول کراسنگ ان مینڈ یا بغیر سگنل نہیں ہو گا۔ انڈر پاسز کو فوکس کیا جائے گا ۔ اس کیلئے انفراسٹرکچر ، ہیومن ریسورس کے ساتھ ساتھ دیگر مطلوبہ ضروریات پر کام کر رہے ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ ایم ایل ٹو پر گوادر کو کوئٹہ اور جیکب آباد سے لنک کرنا بھی سی پیک میں شامل ہے ۔ علاوہ ازیں پاکستان ریلویز چند لائنیں جن میں میل لائنز اور اہم برانچ لائنز شامل ہیں ۔ ان کو بی او ٹی کی بنیادوں پر پیشکش کرنے جا رہا ہے جس کو مارچ میں مشتہر کیا جائے گا ۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ پر ٹرین کی ایک بوگی میں سے کوئلہ غائب ہونے کے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ہوپر ویگنز کا استعمال کیا جا رہا ہے جس پر دو سسٹم مینوئل اور آٹومیٹک موجود ہیں ۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ پر ٹرین کی ایک بوگی میں سے کوئلہ غائب ہونے کے واقعہ کو چوری کہنا غلط ہے اس میں سے کوئلہ چوری نہیں ہوا ۔

 انہوں نے کہا کہ ٹرین کی ایک ویگن میں سے سسٹم کسی وجہ سے لوز ہو گیا اور اس کا کوئلہ لیک ہو کر راستے میں ہی گرتا رہا ۔ اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ یہ انسانی غلطی یا جان بوجھ کر سسٹم کو ناکام کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اس مسئلہ کا حل تلاش کر لیا گیا ہے ، اس موقع پر سی ای او پاکستان ریلوے جاوید انور ۔ مشیر ریلویز انجم پرویز  ڈی جی آئی ٹی فہد رحمان سمیت دیگر ریلوے حکام بھی موجود تھے۔ ایجنسی / سماء

Tabool ads will show in this div