غلنئی : مہمند ایجنسی کے مین ہیڈکواٹرز غلنئی میں پولیٹیکل انتظامیہ کے آفس کے باہر فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ ناکام بنا دیا، ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کی افغانستان کے راستے پاکستان میں داخلے کی اطلاعات تھیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاک افواج نے مہمند ایجنسی کے ہیڈکواٹرز غلنئی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق انٹلی جنس اطلاعات تھیں کہ افغانستان سے حملہ آور مہمند ایجنسی میں داخل ہوا ہے، دونوں حملہ آور موٹڑ سائیکل پر سوار تھے، پولیٹیکل ایجنٹ کے آفس کے باہر موجود سیکیورٹی گارڈ نے دہشت گرد کو روکا تو اس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا، جب کہ دوسرے خودکش حملہ آور کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت نشانہ بناتے ہوئے گولی مار کر اس کے منطقی انجام پر پہنچا دیا۔
دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن مزید سخت اور تیز کردیا گیا ہے، دھماکے میں دو اہل کار شہید متعدد زخمی ہوئے، شہیداء کے جسد خاکی اور زخمی اہل کاروں کو ضروری کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سماء