ہمارے جوان پاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں، وزیراعظم کی آرمی چیف سے گفتگو
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی اور آپریشن ضرب عضب میں پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی، وزیراعظم نے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان پاکستان کے مستقبل کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں، انشاء اللہ امن و استحکام ہمارا مقدرہوگا۔
وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں آپریشن ضرب عضب سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی، آرمی چیف نے وزیراعظم کو آپریشن میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان آپریشن میں عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، فوجی جوانوں کی قربانیوں کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہمارے جوان ہمارے مستقبل کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ امن و استحکام پاکستان کی منزل اور مقدر ہے، آئی ڈی پیز کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری میں حکومت کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، نقل مکانی کرنیوالوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ سماء