نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبے کی تعمیر پراطمینان
لاہور: چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا ہے کہ 969 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی دائیں سرنگ کی کھدائی رواں سال اپریل میں مکمل ہوجائے گی۔
نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی دائیں سرنگ کی کھدائی رواں سال اپریل میں مکمل ہوجائے گی، جس سے نیلم جہلم پراجیکٹ کی 68.5کلومیٹر طویل سرنگوں کی کھدائی تکمیل کو پہنچ جائے گی، منصوبے کی بائیں سرنگ گزشتہ سال مکمل ہوچکی ہے۔
انہوں نے منصوبے کی مختلف سائٹس بشمول ڈیم ، سپل وے ، ڈی سینڈر ، ڈائی ورشن ٹنل اور پاور ہاﺅس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔چیئرمین واپڈا نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس دوران منصوبے پر اہم نوعیّت کے متعدد کام کامیابی کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں اور اب یہ منصوبہ تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اُنہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ منصوبے کی دائیں سرنگ کی کھدائی بھی اپریل 2017ءمیں مکمل ہوجائے گی۔ اس اہم پیش رفت کے ساتھ ہی نیلم جہلم پراجیکٹ کی 68.5کلومیٹر طویل سرنگوں کی کھدائی تکمیل کو پہنچ جائے گی۔
یاد رہے کہ منصوبے کی بائیں سرنگ گزشتہ سال اکتوبر میں مکمل ہوچکی ہے ، اور یہ سرنگیں (ڈائی ورشن ٹنل) منصوبے کا اہم ترین حصہ ہیں۔ ڈائی ورشن ٹنل کے اندر تعمیر اتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ پر زور دیا کہ تعمیراتی کام کے مطلوبہ معیار کو یقینی بنایا جائے ۔
پراجیکٹ انتظامیہ پُر عزم ہے کہ منصوبے کے پہلے پیداواری یونٹ سے فروری 2018ءمیں آزمائشی طور پر بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی، جبکہ باقی تین یونٹ بھی اپریل 2018ءتک آزمائشی بنیاد پر بجلی کی پیداوار شروع کر دیں گے ۔