باس؛اب آپ کوہواکیاہے؟

Waqar Zaka And Junaid Trimmer Face To Face

گزشتہ دنوں سرعام تشدد کا نشانہ بننے والے ٹی وی میزبان وقار ذکاء جو معاملے کے بعد آئے روز ایک نئی ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پراپ لوڈ کرکے خوب واویلامچارہے تھے، اپنے تئیں لوگوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کے بھرپورجتن کررہے تھے کہ میراساتھ دیں ،وی آئی پی کلچرکا خاتمہ کریں ۔ ایک دم سے ہی یوٹرن لیتے ہوئے خود پرتشدد کرنے والے جنید خان کو بھائی بناتے ہوئے بےوقوف عوام (ان کے نزدیک) کو ٹھینگا دکھا دیا۔

 waqar zaka1

تازہ ترین ویڈیو میں جنید خان کے ساتھ ایک ہی صوفے پر براجمان وقار ذکاء جو اپنی دھنائی اورپھرسوشل میڈیا کے سہارے ہرزہ سرائی سے  معاملے کو انجام تک پہنچانے کا دعویٰ کررہے تھے، اب یکا یک ہی تمام واویلے کو غلط فہمی کا نتیجہ قرار دے دیا۔ موصوف فیس بک اور ٹوئٹرپر ڈالی گئی اپنی مدد کی عرضیاں بھول کر ڈنکے کی چوٹ پر عوام کو یہ یاد دلارہے ہیں کہ بس بھائی، بہت ہوگیا، آپ لوگوں نے سوشل میڈیا پر بڑا مزا لے لیا۔ بڑا چسکالے لیا۔ یہ دو بھائیوں کے درمیان غلط فہمی ہو گئی تھی اور میں جانتا ہوں کہ اس ویڈیو کے بعد بھی آدھے لوگ اور چسکا لیں گے۔ مزید اچھا بننے کی کوشش میں مزید بولے کہ ایک دوسرے کی فیملیز کو بالکل بیچ میں نہیں ڈالنا چاہیئے، میں نے کچھ بولا تو میری طرف سے سوری۔ جس کے بعد جنید خان بھی اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ ہمارے درمیان جو غلط فہمیاں تھیں سب ختم ہو گئی ہیں۔ویڈیو کے آخر میں وقار ذکاءصاحب مظلومیت کی انتہا پر پہنچ کرنہایت بھونڈی اداکاری کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ خدا کے واسطے،ہمارے یہاں بات کو بہت بڑھایا چڑھایاجاتا ہے، یہ نہ کیا کریں۔ آپ کو نہیں پتہ ہماراریلیشن کیسا تھا اور کیسا ہونا چاہیئے اور کیسا ہو گا۔

waqar zaka

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کون سے مزے اورکہاں کے چسکے؟ آپ کہاں کی سنی لیون ، بپاشا باسو یا کیٹ ونسلیٹ ہیں جو خوش فہمی پالتے ہوئے خود کو مزوں اور چسکوں کا وسیلہ قراردےدیا۔ خواجہ آصف اسمبلی میں بھلے سے نامناسب ہی سہی ، لیکن ایک جملہ کہہ کر بہت سوں کا بھلا کر گئے کہ ’’ کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے‘‘۔  عوام نے آپ سے کہا تھا کہ لڑکیوں  کی ویڈیو بناؤ؟ سڑک کنارے جب پیٹا جائے تو سہمی آواز میں ’’باس میں نے آپ کو بولا کیا ہے‘‘ کہہ کر اپنا ریکارڈ لگواؤ؟ مار کٹائی کے باعث جب منہ کا نقشہ بگڑ جائے تو اسی منہ سے ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے دوسروں کو اکساؤ کہ آج میرے ساتھ ہوا ہے کل آپ کے ساتھ بھی ہو گا، وی آئی پی کلچر ختم کرو میرا ساتھ دو۔ زور دے دے کر بتاؤ کہ میرے دل میں انسانیت کا بہت درد تھا ، میں کل حلب جارہا تھا لیکن اب اس لیے نہیں جاؤں گا کہ یہ معاملہ منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ عوام نے کہا تھا کہ وقار ان لڑکیوں کو بتاؤ کہ اگر وہ کل تک سچ نہیں بولیں گی تو ان کے وہ میسجز جو رات بھرکرتی تھیں ہمارےسامنے لے آنا؟ اس خالی خولی دھمکی سے بھی بات نہ بنی تو عوام نے مشورہ دیا تھا کہ ان دو بیبیوں کا شجرہ نسب بتاؤ کہ ایک امریکا میں رہتی ہے ، شوہرکا نام یہ ہے دوسری فلاں بااثر شخصیت کی بیٹی ہے میں نے ایک کی ویڈیو بنائی تھی، دوسری کو بھیجی اس ٹرائیکا سے بات باہر نکالنے والی وہ ہے اور کیا عوام سے مشورہ لینے کے بعد ہی تین تلوار پر ویڈیو بنا کر مہذب زبان میں خود کو مارنے والے جنید خان کو چیلنج کیا تھا؟

Waqar Zaka New Video new

اس سے قبل وقار ذکاء نے ٹوئٹر پیج پر کہا تھا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سنسنی خیزخبر آنے والی ہے۔ ’’باس میں نے کیا کیا ہے؟ ‘‘۔ ساتھ ہی انہوں نے جو لنک دیا وہ وقار کے فیس بک پیج پر اپ لوڈ کی گئی اس بھائی چارے پر مبنی ویڈیو کا ہے ۔ لنک کھولتے ہیں ایک چھوٹی سی ویڈیو دیکھنے کو ملتی ہے، ڈرامائی انداز میں وقار ذکاء بتارہے ہیں کہ آپ کو ایک بندے سے ملوانا ہے جس کے بعد ڈرائیونگ سیٹ پر براجمان جنید خان کو دکھانے کے بعد وقار ذکاء پھر کہہ رہے ہیں کہ بہت مزا لے لیا تم نے۔ دونوں نہایت بھونڈی آوازیں بھی منہ سے ’’ڈنگ ڈنگ ڈنگ ڈنگ ‘‘ کی آوازیں نکال رہے ہیں جسے وہ سرسنگیت بھلے سے سمجھیں،دیکھنے والا شرطیہ مکاریاں ہی سمجھے گا۔

waqar3

اس سارے سیاپے سے پتہ نہیں آپ کو کتنا فائدہ ہوا اور کیا نقصان لیکن جو بات سب پرعیاں ہوئی وہ یہ ہے کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔ ایک صوفے پر بیٹھ کرایک دوسرے کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کرشاید وقارذکاء کو لگتا ہو کہ معاملہ واقعی منطقی انجام تک پہنچ گیا مگر شدید ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگریہ نہ کہا جاتا کہ بس بھائی بہت مزا لے لیا تو کیا ہی اچھا ہوتا۔ جوتوں سمیت آنکھوں میں گھسنے والے وقار ذکاء، آپ کی ویڈیو دیکھ کرکچھ سوالات ہمارے ذہنوں میں بھی آئے ہیں۔ جنید بھائی ٹرمر لیکر کہاں گھوم رہے تھے کے جواب میں جنید خان نے ہنستے ہوئے ہی سہی یہ کیوں کہا کہ ٹرمر ملا نہیں یار اس دن؟ جنید خان جب کلفٹن والی بات پر آپ کی جانب سے معافی تلافی کا بتانا چاہ رہے تھے تو آپ نے ان کی بات کاٹ کیوں دی؟ بات کا رخ کیوں موڑ دیا۔ چلیں یہ تو تنقیدی نگاہ سے دیکھنے کے بعد پوچھے گئے عمومی سوالات تھے، مان لیا کہ آپ کو اپنا بھرم عزیز تھا مگر ذرا یہ ہی بتا دیں کہ راتوں رات جنید خان آپ کے بھائی کیسے بن گئے وہ بھی اتنے شدید قسم کے کہ پہلے گاڑی میں بیٹھ کرعامیانہ قسم کی ویڈیو بنا کر کہیں کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تھرل اور ’’کمنگ سون‘‘ کیپشن دیکر کہیں کہ بس بھی بہت مزا لیا، آپ کو کسی سے ملوانا ہے۔ پھر ’’کھودا پہاڑ نکلا چوہا ‘‘ کے مصداق وہ سب سے بڑا تھرل یہ ویڈیو نکلے تو عوام کہاں جائے؟ آپ کی خوش فہمیوں کی کوئی انتہا نہیں مگر عوام کی ضبط کی حد ضرور ہے۔ ایک مخصوص ٹولے کے علاوہ کسی کے لیے آپ ہرگز ہرگز اتنے اہم نہیں کہ دن رات سوشل میڈیا پر آپ کے دکھڑے سن کر پھر آپ کے غم میں گھلا جائے یا آپ کو ’’ٹاک آف دا ٹاؤن‘‘ بنایا جائے۔

waqar

کون سا مزا اور کیسا چسکا؟ یہ بات تو آپ نے خود کی آپ ہی جانیں لیکن خدارا، یہ شرما شرمی کی ہنسی منہ پرسجائے جنیدخان کے ساتھ اپنی غلط فہمیوں کی رام کتھا کا رونا گانا گانے اور پھر امن شانتی کے جھنڈے لہراتی اس ویڈیو کے بعد اگلی ویڈیو میں ہمیں اتنا ضرور بتا دیں کہ ’’باس، اب آپ کو ہوا کیا ہے؟‘‘۔

junaid khan

waqar zaka

Tabool ads will show in this div