اسلام آباد / کامرہ : پاکستان نے جے ایف سیون تھنڈر کے جدید ترین بلاک تھری کی تیاری کا فیصلہ کرلیا، وزارت دفاع نے نئے پراجیکٹ کی منظوری دیدی، جدید بلاک کی تیاری ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ہوگی۔
وزارت دفاع کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک فضائیہ رواں سال اپریل میں نئے جے ایف 17 بی لڑاکا طیاروں کو باقاعدہ فضائی بیڑے میں شامل کرلے گی، جس کے ساتھ ہی جے ایف سیون تھنڈر لڑاکا طیاروں کے جدید ترین بلاک تھری طیاروں کی تیاری کا کام شروع کردیا جائے گا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ طیارے چنگڈو ایئرو اسپیس کارپوریشن اور پاک فضائیہ نے مل کر تیار کیا ہے۔ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ جدید ترین ماڈل بلاک تھری تیار کرے گا، جس کیلئے ابتدائی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
وزارت دفاعی پیداوار کی طرف سے اس حوالے سے منظوری دیدی گئی ہے اور حکومت نے ضروری بجٹ بھی مختص کردیا ہے، اس سے قبل جے ایف 17 بلاک ون دو ہزار سات، جب کہ جے ایف 17 بلاک ٹو دو ہزار تیرہ میں شروع کئے گئے تھے۔
اپ گریڈ کئے گئے ماڈل میں جدید ترین ایوی اونکس سسٹم، ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ ، ڈیٹا لنک، توسیعی الیکٹرانک وارفیئر اور زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت ہوگی۔
بلاک تھری کے فریم، ایوی اونکس اور کاک پٹ کے علاوہ بھی مزید تبدیلیاں کی گئی ہیں، ایکٹو الیکٹرانکلی سکینڈ ایرے ریڈار، ہیلمنٹ ماؤنٹڈ ڈسپلے اینڈ سائٹ سسٹم کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سماء