ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن، رانا ثناء اللہ پیش، وزیراعلیٰ کا بیان حلفی جمع نہ کرایا جاسکا
اسٹاف رپورٹ
لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل ٹریبونل میں رانا ثناء اللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر توقیر شاہ پیش ہوگئے، کميشن کے جج علی باقر نجفی نے رانا ثناء اللہ کو جرح کیلئے چیمبر میں بلالیا، وزیراعلیٰ کا بیان حلفی جمع نہ کرایا جاسکا۔
سترہ جون کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کيس کی جوڈيشل انکوائری علی باقر نجفی کی سربراہی ميں جاری ہے، آج کميشن کے روبرو سابق وزير قانون پنجاب رانا ثناء اللہ اور وزيراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سيکرٹری ڈاکٹر توقير شاہ پيش ہوئے، جسٹس علی باقر نجفی نے سابق وزير قانون کو اپنے چيمبر میں بلا کر کيس کی ان کيمرہ جرح شروع کی۔
وزير اعلیٰ کے بيان حلفی سے متعلق ايڈووکيٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کيا کہ شہباز شریف شہر سے باہر ہیں، بیان حلفی جمع کرانے میں ایک دن کی مہلت دی جائے۔
آئی ایس آئی نے بھی سانحہ سے متعلقہ اہم سیاسی شخصیات اور پولیس افسران کے ٹیلی فون نمبروں کی تجزیاتی رپورٹ جمع کرادی جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کیبنٹ ڈویژن نے آئی جی کے تبادلے سے متعلق جواب جمع بھی کرادیا۔
ادھر وکلاء کی جانب سے رانا ثناء اللہ پر جرح اوپن کورٹ ميں کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آيا۔ سماء