بول آئینے بول

girl-looking-at-mirror1

تحریر: احمد کاشف سعید

بول آئینے میں کیسی ہوں دکھتی

بات وہ کرنا جو لگے مجھے اچھی

آئینے سے معصومانہ فرمائشیں مگر آئینہ تو بولتا ہے سچ۔ بھلے لگے اچھی یا بری صبح اٹھتے ہی یہ آئینہ ہی ہے جس سے ہوتی ہیں آنکھیں چار فیصلہ تو آپ کا ہی ہے۔ مگر کیا لگتا ہے اچھا اور کیا برا یہ ہی تو ہے مددگار کہنے والے تو یہ بھی کہتے ہیں چاہے سونے کے فریم میں جڑ دو آئینہ جھوٹ بولتا ہی نہیں مگر آئینہ مزاج یار کے تابع بھی تو ہے۔ اگر دل میں خوشیوں کے دیپ جلے ہوں تو دل کرتا ہے اسے دیکھتے ہی رہیں اور اگر غم کے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہوں تو من کرتا ہے اس سے دور رہیں۔ مگر یہ بھی تو کہا جاتا ہے کہ آئینوں کا مزاج برہم ہے۔ عکس الٹے دکھائی دیتے ہیں۔

میں تو منیر آئینے میں خود کو تک کر حیران ہوا

یہ چہرہ کچھ اور طرح تھا پہلے کسی زمانے میں

عمر بھر ہم یونہی غلطی کرتے رہے غالب

دھول چہرے پر تھی، ہم آئینہ صاف کرتے رہے

یہی نہیں نظر بند کا اثر دور کرنے کے لیے ٹوٹکے کے طور پر بھی آئینہ الٹا کرکے دکھایا جاتا ہے۔ آئینے کے فوائد تو بہت اشعار کے علاوہ اس کی بدولت اردو کو بہت سی خوبصورت تراکیب اور محاورے بھی تو ملے۔  تراکیب میں آئینہ خانہ اور آئینہ خیال، آئینے ہی کی دین ہیں۔ محاوروں میں آئینہ دکھانا، آئینہ بنانا (حیران کرنا)، آئینہ ہونا (روشن ہونا)، آئینے میں اپنا منہ دیکھنا، آئینہ اندھے کو دکھانا (ایسے آدمی کو نصیحت کرنا جس میں قبولیت کی صلاحیت نہ ہو) اور یہ چھوٹا سا لفظ کئی مواقع پر خوب کا م آتا ہے جیسے ۔ ۔ ۔

آئینہ ان کو دکھایا تو برا مان گئے۔

آواز ہی آئینہ ہو تو تصویر کیسے سمجھ میں آئے؟

عالمی تناظر میں پاکستانی سماج کی آئینہ دار کتابیں

ماضی وحال کے آئینے میں

آئینہ دیکھ کر اپنا سا منہ لے کر رہ گئے

ایک دو نہیں کئی پاکستان اور بھارت کی کئی فلموں کے نام بھی اسی خوبصورت لفظ پر رکھے گئے ہیں اور کئی فلمی گیت بھی تو اسی کے گرد گھومتے ہیں۔

miraffe

یوں تو آئینے کی تاریخ بہت پرانی ہے مگر نئے دور کی نئی باتیں۔ چین میں اشیاء کی شناخت کرنے والا "ڈیجیٹل آئینہ" تیار کیا گیا ہے۔ آئینے کی شکل کا یہ آلہ ایک "ٹچ اسکرین" ہے جس میں نصب کیمرہ سامنے موجود شے کی تصویر اتار کر اسے شناخت کرتا ہے۔ اس کی بدولت بچے کھیل کھیل میں کئی اشیا کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں اور دوسری جانب بصارت سے محروم افراد بھی اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ یہی نہیں اب تو آئینے کی سہولت موبائل فون میں بھی دستیاب ہے۔ اور یاد آیا ہے تو تھوڑا عجیب مگر شادی کی ایک رسم میں بھی آئینے کا اہم کردار ہے اور یہ رسم کہلاتی ہے آرسی مصحف جس میں دلہن کا عکس آئینے میں سب سے پہلے دولہا ہی دیکھتا ہے۔

یہ تو ماننا ہی پڑے گا کہ آئینہ ہے بڑے کام کی چیز مگر یہ صرف ہماری شکل کے خدو خال ہی دکھا سکتا ہے۔ آپ کی شخصیت میں کیا پوشیدہ ہے یہ نہیں بتا سکتا۔

اے کاش ایسا آئینہ ایجاد کر سکوں

جس میں کسی کے عکس کو آباد کر سکوں

جاتے جاتے ایک واقعہ بھی پڑھ لیجئے

510091-miraffetoy-1462971882-823-640x480

براعظم افریقہ کی کسی دور دراز بستی میں کچھ خاندان جدید دنیا کی آسائشوں سے محروم زندگی کا سفر جاری رکھے ہوئے تھے، مختلف ممالک کے سیاح ان بستیوں کی طرف جاتے اور وہاں کے رہنے والوں کے شب و روز پر غور کرتے کہ وہ کس طرح اپنی زندگی گزارتے ہیں، کسی سیاح کا زمین پر گرا آئینہ ایک دن اس بستی کے رہائشی کو ملا تو حیرانی سے اسے دیکھنے لگا کیونکہ اس کے لئے یہ بالکل نئی چیز تھی،افریقی کو آئینے میں اپنی شکل نظر آئی تو وہ سمجھا کہ یہ اس کے باپ کی تصویر ہے، وہ آئینہ اپنی جھونپڑی میں لے آیا، وہ روزانہ اس آئینے کو دیکھتا اور اپنے ہی عکس سے باتیں کرتا، ہنستا، کبھی آئینے کو اپنے منہ کے نزدیک کرتا اور کبھی اسے دور رکھ کر دیکھتا، یہ سارا منظر اس افریقی کی بیوی بھی دیکھتی رہتی، بیوی تھی اسے شک ہونا شروع ہوگیا، ایک دن اپنے شوہر کی غیر موجودگی میں بیوی نے آئینہ نکالا اور اپنا عکس دیکھ کر بولی کہ "اچھا یہ ہے وہ کلموہی" جس کے ساتھ میرا شوہر روز باتیں کرتا ہے؟ وہ آئینہ لے کر اپنی ساس کے پاس پہنچی اور اسے اپنا شک بیان کیا، جب ساس نے آئینہ دیکھا تو اپنا عکس دیکھتے ہی بولی، چڑیل کی عمر دیکھو اور اس کے کرتوت دیکھو۔

mirror

Tabool ads will show in this div